محترمہ پر فلم بنانے کی کسی کو اجازت نہیں دی، بختاور

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بختاور بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو پر فلم بنانے کی کسی کو اجازت نہیں دی گئی، سابق وزیراعظم کے بچوں اور وارثوں سے بلااجازت ایسا کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اداکارہ مہوش حیات کے سابق وزیر اعظم پاکستان اور پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن شہید بینظیر بھٹو کی زندگی پر فلم میں مرکزی کردار کی خبریں ہر طرف عام تھیں، اداکارہ نے گزشتہ وز انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں فلم میں کام کرنے کی تصدیق کی تھی۔مہوش نے لکھا تھا کہ بے نظیر بھٹو کی زندگی کے ہر پہلو سے واقفیت کا موقع ملنے پر وہ بہت شکر گزار ہیں، وہ ان کی زندگی میں آنے والے اتار چڑھاؤ کو جاننا چاہتی ہیں۔ٹی وی اور فلم کی معروف اداکارہ کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو ایک بہترین رہنماء، مضبوط اور نفیس خاتون تھیں، جنہوں نے ملک بھر کی خواتین کیلئے ایک مثال قائم کی، وہ ان کی کہانی میں جلد جان ڈالیں گی۔فلم میں مہوش کے بینظیر بھٹو بننے کی خبروں کے بعد بختاور بھٹو زرداری نے تمام خبروں کی تردید کی، اور ٹویٹر پیغام میں کہا کہ فلم کیلئے بینظیر کے بچوں یا خاندان کی جانب سے کسی قسم کی اجازت نہیں دی گئی لہٰذا یہ قطعی طور پر ناقابل قبول ہے، جس کیخلاف ایکشن لیا جائے گا۔سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی کی ٹوئٹ پر مہوش حیات نے وضاحت دیتے ہوئے لکھا ہے کہ بینظیر بھٹو کی زندگی پر فلم کا پروجیکٹ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، یہ فلم ان کی فیملی کی اجازت کے بغیر نہیں کی جائے گا، یقیناً فلم کی ٹیم جلد ہی محترمہ کے خاندان سے رابطہ کرے گی، میں ایک اداکارہ کے طور پر اپنی حقیقی ماڈل کے بارے میں چیزیں تلاش کررہی ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں