میں نےتو کبھی ن لیگ چھوڑی ہی نہیں،جاوید ہاشمی کے اہم بیان نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی

سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ شام کی صورتحال عالمی جنگ کا شاخسانہ ہے ،شام میں جنگ بندی ہونی چائیے،پہلے ہی کہا تھا کہ ٹرمپ کی پالیسیاں دنیا کو تباہی کی طرف دھکیلیں گی ،پاناماکیس کا جو بھی فیصلہ ہو،سیاسی جماعتوں کو اسے ہرصورت قبول کرنا پڑے گا، خبررساں ادارے آئی این پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ شام کی صورتحال دنیا کو عالمی جنگ کی طرف لے جارہی ہے ،شام میں کروزمیزائلوں اورکیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو روکنا ہوگا،شام پر امریکی حملے کے اثرات عالم اسلام کی وحدت کیلئے خطرناک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی کئی بار کہے چکا ہوں کہ ٹرمپ کے آنے سے امریکی معیشت تباہی کی طرف جائے گی۔پاناما کیس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں آئی این پی سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کا جو بھی فیصلہ ہوگا ،سیاسی جماعتوں کو حرف بہ حرف اس فیصلے کو قبول کرنا ہوگا ،یہی ملک وقوم کے مفاد میں بہترہوگا۔قبل ازیں این اے 149چوک کمہارانوالہ میں شہاب پراپرٹی مارکیٹنگ کے آفس کی افتتاحی تقریب میں لیگی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں پیدائشی مسلم لیگی ہوں،مسلم لیگی کارکنان نے مجھے ہمیشہ بہت محبت دی ہے جس پر میں ان کا شکرگزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ لیگی کارکنان نے جمہوریت کی بحالی کیلئے بڑی قربانیاں دیں ،آمریت کے دور میں دی جانے والی لیگی کارکنوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ این اے 149میں میرا حلقہ ہے،مجھے این اے 149سے الیکشن لڑنے سے کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔تقریب کے دوران جاویدہاشمی لیگی کارکنوں میں گھل مل گئے ،مقامی لیگی رہنما اور کارکنان جاویدہاشمی کے ساتھ تصاویر بناتے رہے۔اس موقع پر مسلم لیگی رہنما شہاب خان،نوید نظام،سابق ایم پی اے میاں عامرسعید انصاری ،ملک عاشق شجرا،شیخ ندیم اکبر،عبدالرحمن فری،چوہدری آصف انصاری،نویدگڈو،عمران لیاقت ودیگر بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں