ایل او سی : بھارت کا 4 دراندازوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فوج جہاں مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور معصوم کشمیریوں کو پبلک مقامات پر نشانہ بنا رہی ہے وہاں پر دراندازی کا ڈھونگ رچا کر بھی کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔بھارتی فورسز نے در اندازی کا الزام عائد کرکے لائن آف کنٹرول کے قریب 4 کشمیریوں کو ہلاک کردیا۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے دعویٰ کیا کہ ‘اتوار کو رات گئے چار جنگجوؤں نے لائن آف کنٹرول کے کیران سیکٹر پر پاکستان سے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ‘بھارتی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں چاروں جنگجوؤں کو ہلاک کردیا’۔اس واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی جبکہ بھارتی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ دراندازوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔خیال رہے کہ اتوار کے روز مقبوضہ کشمیر میں ضمنی انتخاب کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر بھی بھارتی فورسز نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 6 کشمیری شہری جاں بحق اور دو درجن سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سال 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان وانی کو مارے جانے کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں۔برہان وانی کی موت کے بعد وادی میں احتجاج کے دوران 100 سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ سے 12 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں