عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

کراچی( ویب ڈیسک) عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو دو ہفتے کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی اور 20لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جبکہ پاسپورٹ کی واپسی کے لئے ڈاکٹر عاصم کو سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا بھی حکم دیا ۔یاد رہے دو روز قبل ڈاکٹر عاصم نے رہائی کے بعد ای سی ایل سے نام خارج کرنے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی تھی، درخواست میں ڈاکٹر عاصم حسین کے جانب سے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ بیمار ہیں اور کمر میں شدید تکلیف ہے ،میڈیکل بورڈ نے بھی بیرون ملک علاج کی تجویز دی ہے۔درخواست میں ڈاکٹر عاصم کی جانب سے کہا گیا تھا علاج کیلئے باہر جانے دیں ، لندن میں ڈاکٹروں سے 20اپریل کا اپائنمنٹ ہے، بر وقت علاج نہ ہوا تو طبیعت بگڑ سکتی ہے۔سندھ ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے جسٹس کے کے آغا کا فیصلہ برقرار رکھتے ڈاکٹر عاصم حسین کی ضمانت منظور کی تاہم ساتھ ہی وزیرداخلہ کو خط لکھ کر ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔واضح رہے سابق صوبائی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کو 19 ماہ بعد جیل سے رہا کیا گیا تھا، دو برس قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی پی رہنماء کو دہشت گردوں کے علاج و معالجے مقدمے میں گرفتار کیا تھا بعد ازاں نیب نے کرپشن کی تحقیقات بھی شروع کردی تھیں

اپنا تبصرہ بھیجیں