آئندہ 3 روز میں میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا امکان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) اتوار سے تین دن تک ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی رہنے کا امکان ہے ، جیک آباد، لاڑکانہ اور تربت میں درجہ حرارت47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے منگل تک ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی رہنے کا امکان ہے، جب کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔دوسری جانب نصیر آباد، مکران، سبی، سکھر، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ، حیدرآباد، ملتان، بہاولپور، ساہیوال ،ڈی جی خان اور ڈی آئی خان ڈویژن شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ سندھ ، جنوبی پنجاب اور جنوبی بلوچستان میں موسم شدید گرم اور خشک رہا ہے۔ہفتہ کو ریکارڈ کئے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق جیک آباد، لاڑکانہ اور تربت میں درجہ حرارت47 ڈگری سینٹی گریڈ، دادو، شہید بینظیر آباد، مٹھی، چھور، سکھر، پڈعیدن، موہنجودڑو، لسبیلا، سبی میں46، بہاولپور، بھکر، رحیم یار خان اور سکرنڈ میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سماء

اپنا تبصرہ بھیجیں