سندھ رینجرزنے اختیارات کی مدت ختم ہونے پرتمام آپریشنزروک دیئے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ کی طرح پھر سے لٹکا دیا ہے جبکہ اختیارات ختم ہونے پر رینجرز نے سندھ میں تمام آپریشنز روک دیئے ہیں،تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت رینجرز کو دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے لئے ہر 3 ماہ بعد اختیارات میں توسیع کی جاتی ہے لیکن سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان تنازع کی وجہ سے ہر بار کی طرح اس بار بھی یہ معاملہ لٹک گیا ہے،سندھ رینجرز کے اختیارات کی مدت جمعہ کی رات 12 بجے ختم ہو گئی تھی، محکمہ داخلہ نے سمری تیارکرکے بھیج دی لیکن وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کراچی میں اجلاسوں پر اجلاس کر رہے ہیں مگر سمری پر دستخط کرنے کا وقت نکالنے کو تیارنہیں۔ دوسری جانب اختیارات کی مدت ختم ہونے پر سندھ رینجرز نے تمام آپریشنزروک دیئے ہیں۔رینجرزکی جانب سے گرجا گھروں اورمساجد سمیت تمام مقامات سے نفری واپس بلا لی گئی ہے، شہرکی اہم شاہراہوں پر اسنیپ چیکنگ کا عمل بھی روک دیا گیا ہے تاہم گورنر ہاﺅس، وزیر اعلیٰ ہاﺅس، ججز صاحبان اور ایئر پورٹ پر رینجرز کی نفری تعینات رہے گی۔