نواز شریف کی تمام وزراءاور سیکرٹریز کے نام خط میں اہم ہدایت

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے انتباہ کیا ہے کہ کسی بھی وزیر اور سیکرٹری کی سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں کارروائی کے سلسلے میں کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ‘ تمام وزراءاور سیکرٹریز پارلیمنٹ کے بزنس کو خوش اسلوبی سے نمٹانے کے لئے اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعظم نے اس امر کا اظہار تمام وزراءاور سیکرٹریز کے نام اپنے خط میں کیا۔ یہ خط منگل کو چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے ایوان میں ارکان کو پڑھ کر سنا دیا ہے۔ چیئرمین سینٹ نے اراکین سینٹ کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم کی طرف سے 17 اپریل کو تمام وزراءاور سیکرٹریز کو پارلیمنٹ کی کارروائی میں دلچسپی لینے اور پارلیمنٹ کو تمام متعلقہ امور و سوالات کا بروقت جواب دینے کے حوالے سے تحریری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعظم کا تمام وزارتوں ‘ ڈویژنوں اور اداروں کو خط علیحدہ لکھا ہے۔ و زیر اعظم نے وزراءاور سیکرٹریز سے کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے بزنس کو ترجیحات میں شامل کریں۔ سیکرٹریز کو اگر جانا ممکن نہ ہو تو جوائنٹ سیکرٹری سے کم عہدے کے افسر کو نمائندہ نامزد نہ کریں۔ پارلیمنٹ کے بزنس کے سلسلے میں وزراءاور سیکرٹریز کی کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اراکین سینٹ نے و زیر اعظم کے وزراءاور سیکرٹریز کے نام ہدایات پر مبنی اس خط کا بھرپور خیر مقدم کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں