خادم اعلیٰ کے لیے4ارب47کروڑ کا روسی ہیلی کاپٹر عوام سے مذاق ہے ،میاں کامران سیف

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائنٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے خریدا گیا برانڈ نیو جدیدلکژری روسی ہیلی کاپٹر کی خریداری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف وزیر اعلیٰ ترقیاتی منصوبوں میں بچت کے بلند و بانگ دعوے کررہے ہیں جبکہ دوسری طرف خادم اعلیٰ کے سفر کے لیے4ارب 47کروڑ کا روسی لکژری ہیلی کاپٹر پنجاب کی غریب عوام سے مذاق ہے انہوںنے کہا کہ پنجاب میں لوگ غربت و بھوک سے خودکشیاں کررہے ہیں جبکہ حکمران قومی خزانہ بے دردی سے لٹا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہاﺅس میں کارکنوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔میاں کامران سیف نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے ساتھ آئے ہوئے 30ملازمین جو ماہرین کو تربیت دینگے ان پر بھی قومی خزانہ سے کروڑوں روپے خرچ ہونگے ۔جبکہ روسی 4انجینئر ایک سال تک پاکستان میں قیام کرینگے جس پر قومی خزانہ سے علیحدہ خرچہ ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ یہ قیمتی ہیلی کاپٹر شریف برادران کی رہائش گاہ رائے ونڈ فارم پر آمدورفت کیلئے استعمال میں لایا جائے گا جبکہ اس کا تما م تر بوجھ عوام پر ٹیکسوں کی صورت میں پڑے گا ۔خود کو خادم اعلیٰ قرار دینے والے وزیراعلیٰ پر جو اورنج ٹرین منصوبہ بھی قرض لیکر شروع کرتا ہے اس طرح کے لکژری اخراجات زیب نہیں دیتے۔ یہ پنجاب کی غریب عوام سے مذاق ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں