مجھے معلوم ہے کہ میڈیا والے کس موضوع پر مجھے سننا اورسوال کرناچاہتے ہیں، چوہدری نثار

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ڈان لیکس جیسے انتہائی حساس موضوع پر خوشگوار انداز میں پریس کانفرنس کی اور صحافیوں کے سوالات باری باری لینے کی بجائے ایک ہی بار اکٹھے سنے ،اس دوران چوہدری نثار مسکراتے رہے اور کہتے رہے کہ میں سوال کرنے والے کی طرف نہیں دیکھوں گا جس کے جی میں جو سوال ہے وہ پوچھ سکتا ہے ، آ ج انہیں اتنے سوال کرنے دو کہ یہ تھک جائیں اور میرے جواب دینے کی نوبت ہی نہ آئے ۔پریس کانفرنس کے دوران صحافی تیز وتند سوالات کرتے رہے اور وزیرداخلہ مسکراتے رہے ، تقریباً17منٹ کے سوالوں کا 13منٹوں میں وزیرداخلہ نے انتہائی مدلل جواب دیکر پریس کانفرنس ختم کی تاہم اس سے قبل وزیرداخلہ نے کہاکہ وقت کم ہے اورمیں پانچ منٹ میں ان کے جواب دونگا جبکہ اس دورانیہ 13 منٹ تک چلاگیا ۔چوہدری نثار نے اپنی وزارت کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی اور اس دوران وہ وقفے وقفے سے ہنستے رہے اور جب اپنی باتیں ختم کیں اورسوالوں کی باری آئی تو ڈان لیکس کے معاملے کا نام لئے بغیربار بارکہتے رہے کہ مجھے معلوم ہے کہ میڈیا والے کس موضوع پر مجھے سننا اورسوال کرناچاہتے ہیں اس موضوع پر بھی بات کروں گا ۔