دھماکے میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ڈ ائریکٹر اسٹاف افتخارمغل بھی شہید ہوئے، رضا ربانی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری پرخودکش حملے میں ان کے ڈائریکٹر اسٹاف افتخارمغل بھی شہید ہوئے ہیں۔چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ پرخود کش حملہ آور نے حملہ کیا ہے ، حملے میں کئی لوگ شہید ہوئے ہیں، جبکہ عبدالغفور حیدری کو کچھ چوٹیں آئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چیف سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ اور کور کمانڈر سدرن کمانڈ سے بات ہوئی ہے ، ان سے کہا ہے کہ مولانا غفور حیدری کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ لایا جائے ۔رضا ربانی نے کہا کہ عبدالغفور حیدری کو چوٹ آئی ہے ، لیکن شدید زخمی نہیں ہیں ، حملے کی مذمت کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہشت گرد اگر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ایسے حملوں سے پارلیمان اور لوگوں کو دبا سکیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے ۔واضح رہے کہ مولاناعبدالغفورحیدری کے پرسنل سیکریٹری افتخار احمدکی لاش بھی سول اسپتال کوئٹہ لائی گئی ہے ۔