حامد رضا پرویز مشرف سے ملاقات کیلئے دبئی روانہ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا جنرل (ر) پرویز مشرف سے ملاقات کیلئے دبئی روانہ ہو گئے۔ صاحبزادہ حامد رضا 6جون کو جنرل (ر) پرویز مشرف کے افطار ڈنر میں شرکت کریں گے ۔ دونوں راہنماﺅں کی ملاقات میں اپوزیشن کے گرینڈ الائنس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور تیسری سیاسی قوت سامنے لانے کیلئے مشاورت کی جائے گی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے دبئی روانگی سے قبل لاہور ائیر پورٹ پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیرو کارکردگی والے حکمران ہیرو بننے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ نواز شریف جے آئی ٹی میں بچ نہیں سکتے۔ اب احتساب کا عمل رکنا نہیں چاہیئے کیونکہ سیاست میں بھل صفائی ضروری ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس کےلئے رابطے مکمل ہو چکے ہیں۔ عید کے بعد قوم کو گرینڈ الائنس کے قیام کی خوش خبری سنائیں گے۔ صاحبزادہ حامد رضا کا مزید کہنا تھا کہ حکومت رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ میں کمی نہیں کرسکی۔ روزے داروں کی بددعائیں حکمرانوں کو لے ڈوبیں گی۔