ذکواۃ وفطرہ کے نام پر کالعدم وعسکری تنظیموں کی پرچیاں تقسیم نہ ہوسکیں

کراچی (ویب ڈیسک ) شہر میں تا حال کالعدم تنظیم یا کسی سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کی طرف سے زکوٰۃ یا فطرہ کے نام پر پرچیاں تقسیم کرنے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نگرانی کے لیے مساجد اور مدارس کے اطراف سادہ لباس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں زکوٰۃ اور فطرہ کی مد میں کالعدم تنظیموں اور سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کی جانب سے ہر سال کثیر رقم جمع کی جاتی تھی، تاہم آپریشن کے باعث اس میں کافی کمی آگئی ہے ، سپیشل برانچ سندھ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ رواں سال اب تک کسی بھی ڈویژن نے اپنے علاقوں میں کالعدم تنظیم کی جانب سے زکوٰۃ یا فطرہ مانگنے کے حوالے کوئی رپورٹ جمع نہیں کرائی اور نہ ہی اس طرز کی کوئی سرگرمی رپورٹ ہوئی ہے ۔اس سلسلے میں کراچی پولیس کے ایک سینئر افسر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ رمضان کی سیکیورٹی کے لیے ہفتے میں کئی اجلاس ہوتے ہیں ، جس میں نہ صرف پولیس بلکہ دیگر اداروں کے افسران بھی شرکت کرتے ہیں اور اب تک کسی اور ادارے نے بھی اس طرح کے کسی واقعہ کے حوالے سے مطلع نہیں کیا ہے ۔