پارٹی فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف نے جواب جمع کرانے سے انکار کر دیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پارٹی فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف نے جواب جمع کرانے سے انکار کر دیا جبکہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو ایک اور موقع دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جواب جمع نہ کرایا گیا تو پھر کارروائی کریں گے۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما ہاشم بھٹہ کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی۔عمران خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ جب کیس سپریم کورٹ کے سامنے ہے تو پھر الیکشن کمیشن کو جواب نہیں دے سکتے ٗ سپریم کورٹ میں پائی پائی کا حساب دے چکے ہیں۔ اکبر ایس بابر اور ہاشم بھٹہ کیسز کی سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ بیرون ملک اور غیر قانونی فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پر پہلے ہی فیصلہ دے چکے ہیں۔وکیل اکبر ایس بابر کی استدعا پر جسٹس سردار رضا نے کہاکہ اگر 6جولائی تک جواب جمع نہ کرایا گیا تو سمجھیں گے کہ تحریک انصاف کے پاس کوئی جواب نہیں اور پھر کمیشن فریقین کے دلائل سنے گا۔اکبر ایس بابر نے کہاکہ وہ درجنوں بار اس کیس میں الیکشن کمیشن آچکے ہیں ٗوہ انصاف کے متمنی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جواب جمع کرانے کے بجائے آئینی ادارے پر الزامات لگانا شروع کر دئیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں