میاں نواز شریف کو اپنے بچوں کی پیشی پر شدید پریشانی درپیش ہے، ڈاکٹر شاہد مسعود

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے مشہور صحافی اور تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف اپنے پورے خاندان کے تمام افراد کی پیشیوں سے پہلے ہی پریشان تھے کہ اوپر سے ظفر حجازی بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو گئے اور ایف آئی اے نے دفتر سیل کردیا۔ نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پارا چنار جانا سخت ناگوار گزرا ہے۔انھوں نے کہا کہ جنرل باجوہ نے پارا چنار جا کر عمائدین کا دھرنا ختم کروا دیا ہے جس پر میاں نواز شریف سخت ناراض ہیں۔ یہ ان کی ذہنیت ہے۔ وہ جنرل راحیل شریف کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا کرتے تھے کیونکہ جنرل راحیل بھی ہر جگہ وزیراعظم سے پہلے پہنچ جاتے تھے۔ حالانکہ خود وزیراعظم نواز شریف اور چودھری نثار ابھی تک پارا چنار نہیں گئے لیکن فوج کی قیادت کا اس طرح پہلے ہی ہر دھماکے یا حادثے والی جگہ پر پہنچ جانا نواز شریف کو کبھی بھی پسند نہیں رہا۔