شاہد خاقان عباسی کا وزیر اعظم بنتے ہی پہلا بیان ،سیاسی مخالفین کو للکار ڈالا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وہ اپنے انتخاب کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کریں گے ، سبکدوش وزیراعظم محمد نوازشریف کی نااہلی کے عدالتی فیصلے کو پاکستان کے عوام نے قبول کیا ہے عالمی سطح اورنہ تاریخ اسے قبول کرے گی ، وقت آنے پر پاکستان کے بہادر ترین شخص سے قوم کو آگاہ کروں گا ،ایک نہیں دس ریفرنس لے آئیں کسی ریفرنس سے نہیں ڈرتا، بہتان تراشی کرنے والے سزا بھگتنے کیلئے بھی تیار رہیں،ملک میں کسی قوت ، ادارے اور طبقہ کو تعلقات کے حوالے سے فریقین کے طور پر پیش نہ کیا جائے ، تعلقات کے حوالے سے پاکستان میں کسی کو فریقین کے طور پر پیش نہ کیا جائے ، سب پاکستان کے شہری ہیں ، سب ملک کیلئے کام کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اتوار کو عبوری نامزد وزیراعظم نے رکن قومی اسمبلی جنید چوہدری کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے وزراء کالونی میں ان کی اقامت گاہ پر ملاقات کی ۔ مولانا فضل الرحمان نے وزارت عظمیٰ کا ووٹ شاہد خاقان عباسی کو دینے کے باضابطہ اعلان کیلئے پیر کو (آج) پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے ۔