کراچی، عید میلاد النبی ﷺ جلوس، متبادل روٹ پلان جاری

کراچی: ٹریفک پولیس نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہر کی مختلف شاہراؤں کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متبادل روٹ پلان جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پولیس نے 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوس کے باعث سڑکوں کو  ٹریفک کے لیے بند کرنے کی منظوری دی اور عوام کو پریشانی سے محفوظ رکھنے کے لیے متبادل روٹ پلان بھی جاری کیا۔ایم اے جناح روڈ کو دوپہر ایک بجے سے عام گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا جائے گا کیونکہ بعد نماز ظہر میمن مسجد سے مرکزی جلوس روانہ ہوگا جو مختلف علاقوں سے گزرے گا۔اس دوران کسی بھی قسم کی ٹریفک کو لی مارکیٹ ، آغا خان جماعت خانہ ، کرین چورنگی ، جی الانہ روڈ ، کھارادر اور مائی کولاچی سے ایم اے جناح روڈ کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، علاوہ ازیں جلوس سے منسلک روٹ کی گلیوں کو بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے مکمل بند کیا جائے گا۔کیماڑی سے جناح برج ٹاور کی جانب آنے والی گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب موڑا جائے گا۔