جشن عید میلادالنبی ﷺآج دنیا بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

کراچی : آج دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی جشن عید میلاد النبی ﷺمذہبی جوش وخروش اورعقیدت و احترام سے منایا جائے گا، اس موقع پر عاشقانِ مصطفیٰ مختلف تقاریب اور محافل کا انعقاد کریں گے۔دن کے آغاز پر وفاقی اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں پیغمبراسلام ﷺکی خدمت میں21 توپوں کی سلامی پیش کی جائے گی۔موقع کی مناسبت سے سرکاری اورغیرسرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے اورگھروں کو بھی انتہائی خوبصورت اور دیدہ زیب برقی قمقموں سےسجایا گیا ہے۔اس کے علاوہ ملک بھرمیں جلوس اور ریلیوں کاانعقاد کیا جائے گا جن میں عاشقانِ رسول ﷺ بڑی تعداد میں شرکت کریں گے، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی عید میلاد النبی ﷺکے جلوسوں میں شریک ہوگی۔اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں اورجلوسوں کی گزرگاہوں کو رکاوٹیں لگا کرمحفوظ کیا گیا ہے۔کراچی میں مرکزی جلوس کھارادر سے برآمد ہوکر نشترپارک میں اختتام پذیر ہوگا، پشاور کا مرکزی جلوس میلاد چوک سے برآمد ہوگا, لاہورکا مرکزی جلوس دہلی دروازے سے برآمد ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں