سیاحت کا فروغ، کراچی سے شروع ہونے والی کار ریلی پشاور پہنچ گئی، غیرملکی سیاحوں کی بھی شرکت

پشاور: صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد اس بات کی دلیل ہے کہ یہاں امن بحال ہوچکا اور لوگ بغیر کسی خوف کے مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی سے  پشاور پہنچنے والی کلاسک کار ریلی کی نمائش کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینئرصوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے وزیر اعظم عمران خان خود بھی سرگرم ہیں اسی باعث انہوں نے اس اہم مقصد کے لئے وفاقی سطح پر ٹوررازم (سیاحتی) بورڈ کے قیام کا اعلان بھی کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی ٹوررازم بورڈ غیر ملکی سیاحوں کو ویزے کی فراہمی سمیت تمام مسائل حل کرے گا اور سیاحوں کی حفاظت کے لئے بہتر انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں جبکہ غیرملکیوں کے لیے ویزہ حصول کا طریقہ کار مزید آسان بنایا جائے گا۔