چینی قونصلیٹ پر حملہ، پولیس نے شہید باپ بیٹے کی لاشیں تاخیر سے ورثاء کے حوالے کیں

کراچی : چینی قونصلیٹ حملے کے موقع پر فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے باپ بیٹے کے ورثاء میتوں کے حصول کیلئے پولیس کے عدم تعاون پر مزید اذیت میں مبتلا ہوگئے، میڈیا پر خبر چلنے پر میتیں حوالے کردی گئیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملہ کے دوران شہید ہونے والے باپ بیٹا حاجی نیاز محمد اور محمد ظاہر کے ورثاء اپنے پیاروں میتیں نہ ملنے پر پریشانی کا شکار ہوگئے۔جاں بحق باپ اور بیٹے کے ورثا پولیس لیٹر وصول کرنے تھانے پہنچے، اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بھائی حبیب الرحمان کا کہنا تھا کہ رشتہ دار کراچی میں ہیں، میتیں ہمارے حوالے نہیں کی جارہیں۔لواحقین کا کہنا تھا کہ پولیس لیٹر وصول کرنے تھانے پہنچے ہیں، دن میں بھی تھانے آئے تھے، پولیس لیٹر دینے میں تاخیر کررہی ہے، سرد خانے میں لاشوں کو شناخت کرکے پھر تھانے پہنچے ہیں، نیاز اور ظاہر گزشتہ روز ہی کوئٹہ سے کراچی ویزا لینے آئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ باپ بیٹے نے گزشتہ رات کیماڑی کے ایک فلیٹ میں گزاری، حاجی نیاز کے7بچے ہیں،لاشیں کوئٹہ لے جانے میں12گھنٹے لگیں گے، پولیس سے مطالبہ ہے جلد لیٹر جاری کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں