آج ایک ایماندار شخص ملک کا وزیراعظم ہے، گورنر سندھ عمران اسماعیل

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آج ایک ایماندار شخص ملک کا وزیراعظم ہے، ایماندار شخص کو پیسوں کی کمی نہیں ہوتی، بے ایمان لوگ ہوں تو کوئی پیسے نہیں دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی تنظیم کے فلاحی مرکز کا دورہ کرتے ہوئے کیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ فلاحی کام ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہیں، عمران خان کو فٹ پاتھ پر سونے والوں کی فکر ہے، نجی تنظیم کے ساتھ فٹ پاتھ پر رہنے والوں کے لیے شیلٹر ہوم بنائیں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ 6 لاکھ روپے کا ہیلتھ کارڈ جاری کرنے جارہے ہیں، پانچ کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے موبائل اسپتال منگوائے ہیں، گزشتہ پانچ حکومتوں نے وہ کام نہیں کیا جو موجودہ حکومت نے کیا۔عمران اسماعیل نے کہا کہ سرکلر ریلوے شہر کی جان اور شہر کا فخر تھا، ریلوے ٹریک پر قائم آبادیاں ہٹا دی جائیں گی جو حکومتی اراضی ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ریلوے کی زمین حکومت پاکستان کی ہے کسی وزیر کی نہیں ہے، سپریم کورٹ کے نئے حکم سے مدد ملے گی۔