ایف آئی اے نے کار شو روم مالکان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کار شو روم مالکان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے کار شو رومز کے مالکان کے خلاف ٹریڈ بیسڈ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم نے خالد بن ولید روڈ کراچی سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر چار شو روم مالکان کو نوٹس ز جاری کرکے انہیں 26 ستمبر کو طلب کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم نے یکم جنوری 2021 سے آج تک گاڑیوں کی درآمد ات کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔

ایف آئی اے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اگر کار شو روم مالکان نے نوٹس پر عمل نہیں کیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس سے قبل یہ انکشاف ہوا تھا کہ 2017-2022 کے دوران سولر پینلز کی درآمد میں 69.5 ارب روپے سے زائد کی اوور انوائسنگ کا انکشاف ہوا تھا۔

ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق 63 درآمد کنندگان سے 6 ہزار 232 گڈز ڈیکلیریشن (جی ڈیز) پر اوور انوائسنگ کا واضح پیٹرن سامنے آیا اور 2 نجی کمپنیوں سے 72 ارب روپے منتقل کیے گئے تاہم 45 ارب روپے مالیت کے سولر پینل درآمد کیے گئے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو چیئرمین ایف بی آر نے اوور انوائسنگ کے معاملے پر بریفنگ دی۔