نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے معاشرے کے ہر طبقے پر زور دیا ہے کہ وہ ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے میں کردار ادا کریں۔
پیر کو اسلام آباد میں پولیو کے خاتمے کے لئے قومی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں پولیو آگاہی مہم کا حصہ بننے کے لئے علماء، اساتذہ، والدین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو شامل کریں۔
وزیراعظم نے انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
ملک میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قوم جلد ہی وہ دن منائے گی جب ملک کا ہر بچہ اس بیماری سے مکمل طور پر محفوظ ہوگا۔
انہوں نے ملک کے تین اضلاع میں پولیو وائرس کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں پولیو وائرس کی اطلاع ملی ہے وہاں خصوصی انسداد پولیو مہم چلائی جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پاکستان کے قومی پولیو پروگرام میں فعال شرکت اور کلیدی حمایت پر بین الاقوامی شراکت داروں کے مشکور ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال ملک میں رپورٹ ہونے والے 20 کیسز کے مقابلے میں اس سال صرف 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی بنیادی وجہ قومی سطح پر انسداد پولیو مہم کا تسلسل ہے۔



