معاشی بحران کے باوجود پی ڈی ایم حکومت نے اشتہارات پر 10 ارب روپے خرچ کیے

اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت نے معاشی بحران کے باوجود ٹی وی چینلز، اخبارات اور ڈیجیٹل میڈیا پر اشتہارات پر 10 ارب روپے خرچ کیے۔

پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے مارچ 2022 سے اگست 2023 تک اشتہارات پر کیے جانے والے اخراجات کے حوالے سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو رپورٹ پیش کردی گئی۔

پی ڈی ایم کی سابقہ حکومت نے اشتہارات پر قومی خزانے سے بھاری رقم خرچ کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم حکومت نے جیو نیٹ ورک کو 34 کروڑ 80 لاکھ روپے کے اشتہارات دیے۔

علاوہ ازیں پی ڈی ایم حکومت نے دنیا نیٹ ورک کو 30 کروڑ 91 لاکھ روپے، ہم ٹی وی نیٹ ورک کو 29 کروڑ 69 لاکھ روپے، ایکسپریس نیٹ ورک کو 28 کروڑ 28 لاکھ روپے، سماء ٹی وی کو 26 کروڑ 83 لاکھ روپے، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی نیوز چینل کو 21 کروڑ 78 لاکھ روپے اور اے آر وائی نیٹ ورک کو 2 کروڑ 17 لاکھ روپے کے اشتہارات دیے۔

پرنٹ میڈیا کو 3.5 ارب روپے، الیکٹرانک میڈیا کو 5 ارب روپے اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کو 1.23 ارب روپے سے زائد کے اشتہارات دیے گئے۔