وزیر اعظم کاکڑ کا معاشرے کو عدم برداشت سے پاک کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے معاشرے کو عدم برداشت سے پاک کرنے اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں شہزادہ حسین برہان الدین کی سربراہی میں بوہرہ برادری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مذہبی رواداری اور ہم آہنگی قائد اعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول ہیں جو نظریہ پاکستان کی بنیاد ہیں اور ہمیں آگے بڑھنے کے لئے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے سماجی، فلاحی، تعلیمی اور معاشی شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں بوہرہ برادری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ کمیونٹی کے ساتھ تعاون کریں اور انہیں تمام سہولیات فراہم کریں۔

اس موقع پر وفد نے وزیراعظم کو بوہرہ برادری کے جاری مختلف منصوبوں بالخصوص کراچی میں دل کے امراض کے علاج کے لیے زیر تعمیر ہسپتال کے بارے میں آگاہ کیا۔