کراچی:اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے پورٹ کنٹرول یونٹ نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (کے آئی سی ٹی) پر طیارے کے کیمیکل، تیل، مہنگی الیکٹرانک اشیاء اور گھریلو اشیاء اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
اے این ایف پورٹ کنٹرول یونٹ نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (کے آئی سی ٹی) پر ڈیڑھ ارب روپے سے زائد مالیت کے طیارے کے کیمیکل، تیل، مہنگی الیکٹرانک اشیاء اور گھریلو اشیاء اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
اے این ایف یونٹ نے انٹیلی جنس رپورٹ موصول ہونے کے بعد منشیات اسمگلنگ کے شبے میں کے آئی سی ٹی میں ایک کنٹینر کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران کنٹینر سے نان کسٹم مصنوعات برآمد کی گئیں۔
نان کسٹم مصنوعات میں ہوائی جہاز کے تیل اور کیمیکلز کی 550 سے زائد بوتلیں، لیپ ٹاپ، الیکٹرانک سگریٹ، گھڑیاں، ہارڈ ڈرائیوز، ٹیبلٹ، گٹکا اور پان مصالحہ شامل ہیں۔
اے این ایف یونٹ نے ضبط شدہ اشیاء مزید قانونی کارروائی کے لئے کسٹم حکام کے حوالے کر دیں۔
جولائی میں کسٹم حکام اور کلیئرنگ ایجنٹوں کے گٹھ جوڑ سے ایئر فریٹ یونٹس (اے ایف یوز) سے 7 ارب روپے مالیت کے ہیلی کاپٹرز کے اسپیئر پارٹس غیر قانونی طور پر کلیئر کیے گئے تھے۔
کسٹمز حکام اور کلیئرنگ ایجنٹس کا گٹھ جوڑ کرپشن کے ایک نئے کیس میں بے نقاب ہوگیا جب 7 ارب روپے مالیت کے ہیلی کاپٹرز کے اسپیئر پارٹس ایئر فریٹ یونٹس (اے ایف یوز) کے شیڈز سے کلیئر کیے گئے۔
کسٹم افسر کی رشوت مانگنے کی ویڈیو وائرل
کسٹم کلکٹر اسلام آباد نے ہیلی کاپٹر کے اسپیئر پارٹس کی غیر قانونی کلیئرنس کی تحقیقات کے لیے نئی دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی کے ممبران میں ایڈیشنل کلکٹر ہیڈ کوارٹر اور ڈپٹی کنٹرولر پریوینٹو شامل ہیں۔
نو تشکیل شدہ کمیٹی اس معاملے میں نئی تحقیقات کا آغاز کرے گی۔
گزشتہ تحقیقاتی کمیٹی نے کرپشن اسکینڈل میں کسٹم حکام کو کلین چٹ دی تھی جس میں ایک سپرنٹنڈنٹ بھی شامل تھا جس نے رائل شیڈ میں ڈیوٹی پر ہونے کا اعتراف کیا تھا۔
رواں ماہ کے اوائل میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے کروڑوں روپے مالیت کے ٹیکنالوجی آلات کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے 4 مسافروں کو گرفتار کیا تھا۔
انچارج سپرنٹنڈنٹ آغا نجم الدین کے بیان کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے 50 سے زائد آئی پیڈ، لیپ ٹاپ، 46 جدید ترین آئی فونز اور 500 پیکٹ بین الاقوامی سگریٹ برآمد ہوئے ہیں۔