اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف مہم میں 3 ڈی ایس پیز سمیت 11 زخمی

تجاوزات کے خلاف مہم، پولیس افسر زخمی پولیس پر حملہ

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد کے علاقے سینیاری میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران 3 ڈی ایس پیز سمیت 11 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے گاؤں چونترا کے رہائشیوں نے لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس پر حملہ کردیا۔

اسلام آباد کے گاؤں سنیاری میں کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لینڈ مافیا نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی اور پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں 11 پولیس اہلکار، 3 ڈی ایس پیز زخمی ہوگئے۔

مزید برآں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے داغے گئے۔