پاکستان اور روس کا مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کا عزم

پاکستان اور روس نے سیکیورٹی، معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی اور روسی سفیر ڈینیلا گینچ کے درمیان پیر کو اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے میڈیا، ڈرامہ، فلموں، مشترکہ پروڈکشنز اور تربیتی پروگراموں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ماسکو کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ان شعبوں میں روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی طویل تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور مشترکہ مقاصد کی تلاش پاکستان کے عوام اور کاروباری برادری کی خواہش رہی ہے۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات وقت کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق روشن مستقبل کی جانب گامزن رہیں گے۔

روسی سفیر نے کہا کہ ماسکو اور اسلام آباد ذرائع ابلاغ سمیت ہر شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ میڈیا سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے روس میں بہت مقبول ہیں۔

ملاقات میں روسی وزیر برائے ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ، کمیونیکیشنز اور ماس میڈیا کے دورہ پاکستان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دی جائے گی۔

دورے کے دوران روسی اور پاکستانی سرکاری میڈیا کے درمیان تعاون کے معاہدوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔