پاکستان ہر قسم کے بین الاقوامی تعاون میں فعال کردار ادا کرنے کو تیار ہے، سرفراز بگٹی

پاکستان ہر قسم کے بین الاقوامی تعاون میں فعال کردار ادا کرنے کو تیار ہے، سرفراز بگٹی

وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سلامتی کو بڑھانے کے لئے ہر قسم کے بین الاقوامی تعاون میں فعال کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں چین کے سفیر جیانگ زیدونگ سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دہائیوں پر محیط دوستی پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے حالیہ دورہ چین سے سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اگلا ہدف وزیراعظم کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں پر عمل درآمد ہے۔ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے عالمی سلامتی اقدام کو بھی سراہا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک چیلنج ہے۔ ہم نے ماضی میں بھی اسے شکست دی ہے اور مستقبل میں بھی اسے مکمل طور پر ختم کر دیں گے۔

اس موقع پر چینی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے چینی شہریوں کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔