وزیر اعظم کاکڑ تاشقند میں ای سی او سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے کل ازبکستان کے شہر تاشقند روانہ ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دو روزہ سربراہی اجلاس 8 سے 9 نومبر تک جاری رہے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کاکڑ ای سی او وژن 2025 اور تجارت، ٹرانسپورٹ، کنیکٹیوٹی، توانائی، سیاحت، معاشی نمو اور پیداواری صلاحیت کے شعبوں میں علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عبوری وزیر اعظم تنظیم کے مستقبل کے کام اور علاقائی رابطوں اور باہمی خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کا وژن بھی پیش کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ ازبکستان کی قیادت اور دیگر شریک رہنماؤں سے بھی دوطرفہ بات چیت کریں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ای سی او کے بانی رکن کی حیثیت سے ای سی او خطے میں رابطے اور باہمی خوشحالی کے اہداف کے لیے پرعزم ہے۔

رواں سال جنوری میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تاشقند میں ای سی او کونسل آف منسٹرز کے 26 ویں اجلاس میں شرکت کی تھی۔