اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے تمام اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات 31 دسمبر تک جمع کرائیں۔
ای سی پی کے مطابق تمام اراکین پارلیمنٹ کو مالی سال 2022-2023 کے فارم بی پر اپنے اثاثوں اور واجبات کی سالانہ تفصیلات جمع کرانا ہوں گی جن میں ان کے شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
کمیشن ہر سال جنوری کے پہلے دن ان ممبروں کے نام شائع کرے گا جو ذیلی دفعہ (1) کے تحت متعین مدت کے اندر اثاثوں اور واجبات کی مطلوبہ تفصیلات جمع کرانے میں ناکام رہتے ہیں۔
کمیشن 16 جنوری کو ایک حکم کے ذریعے کسی رکن اسمبلی یا سینیٹ کی رکنیت معطل کرے گا جو اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات جمع کرانے میں ناکام رہتا ہے اور ایسا رکن اس وقت تک کام کرنا بند کر دے گا جب تک وہ اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات جمع نہیں کراتا۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ اگر کوئی رکن اس سیکشن کے تحت اثاثوں اور واجبات کی جعلی تفصیلات جمع کرواتا ہے تو بیان جمع کرانے کی تاریخ سے 120 دن کے اندر اندر بدعنوان پریکٹس کے جرم کے ارتکاب پر اس کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تیار کردہ ہدایات اور گائیڈ لائنز کے ساتھ مقررہ فارم الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد، ہر صوبے میں صوبائی الیکشن کمشنرز کے دفاتر، سینیٹ سیکریٹریٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے سیکریٹریٹ سے مفت حاصل کیا جاسکتا ہے۔ فارم بی www.ecp.gov.pk ای سی پی کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔